لاہور: (کیو این این ورلڈ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انقلابی منصوبے ‘ستھرا پنجاب’ کی شہرت گلف ممالک تک جا پہنچی ہے، جہاں بی بی سی، فوربز اور بلوم برگ کے بعد اب عالمی جریدے ‘گلف نیوز’ نے اسے دنیا کا سب سے بڑا اور جامع ویسٹ مینجمنٹ سسٹم قرار دے دیا ہے۔ گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق، مریم نواز نے کلائمیٹ اسمارٹ اربن گورننس میں ایک نیا عالمی معیار قائم کیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ جدت صرف ترقی یافتہ ممالک تک محدود نہیں بلکہ پاکستان جیسا ملک بھی ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی خدمات میں قیادت کر سکتا ہے۔ اس عظیم الشان آپریشن کے تحت روزانہ 50 ہزار ٹن کچرا ٹھکانے لگانے کے لیے ڈیڑھ لاکھ ورکرز اور 30 ہزار گاڑیاں فیلڈ میں نکلتی ہیں، جن کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کا جدید نظام پوری دنیا کے لیے ایک مثال بن چکا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس پروگرام نے نہ صرف پنجاب کو صاف ستھرا بنایا ہے بلکہ ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو باعزت روزگار، منصفانہ اجرت، یونیفارم اور عالمی معیار کے حفاظتی آلات بھی فراہم کیے ہیں۔ ستھرا پنجاب پروگرام میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کنٹریکٹرز کو کارکردگی (KPIs) کی بنیاد پر ادائیگیاں کی جاتی ہیں، جبکہ ایک مضبوط کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے عوامی شرکت کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے محمود بوٹی ڈمپ سائٹ پر 5 میگاواٹ کا سولر پارک اور اربن فارسٹ جیسے منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ مستقبل میں ری سائیکلنگ پلانٹس اور 25 میگا واٹ ‘ویسٹ ٹو انرجی’ پراجیکٹس بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
گلف نیوز نے انکشاف کیا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (UNEP) اور جی جی جی آئی کے اشتراک سے کاربن مارکیٹ کے مطابق لینڈ فلز کی تیاری جاری ہے، جس سے سالانہ 60 ہزار سے 90 ہزار ٹن کاربن کے اخراج میں کمی آئے گی۔ اس پروگرام کی ایک خاص بات مشینری اور ٹیکنالوجی کی مقامی سطح پر تیاری ہے، جس سے لوکل انڈسٹری کو فروغ ملا ہے۔ ستھرا پنجاب کی SGS سے تصدیق اور ISO سرٹیفیکیشنز نے پنجاب کے امیج کو بین الاقوامی سطح پر مزید مستحکم کیا ہے۔ عالمی جریدے نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ مریم نواز نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ مضبوط سیاسی قیادت کس طرح ایک بڑے خواب کو ٹیکنالوجی سے لیس حقیقت میں بدل کر عوام کی زندگیوں میں انقلاب لا سکتی ہے۔