اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) امریکہ، برطانیہ، روس، سعودی عرب، ترکیہ، آسٹریلیا اور جرمنی سمیت دنیا بھر کے متعدد ممالک نے اسلام آباد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ امریکی سفارت خانے کی چارج ڈی افیئر نیٹلی بیکر نے بے گناہ نمازیوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا ناقابلِ قبول ہے۔ امریکہ نے ہر قسم کی دہشت گردی اور تشدد کے خلاف پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
سعودی عرب نے اس واقعے کو کھلی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے شہدا کے لواحقین اور حکومتِ پاکستان سے دلی تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ترک وزارتِ خارجہ نے بھی اس حملے کو گھناؤنا قرار دیتے ہوئے اس کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی، جبکہ ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ تہران ہر قسم کی دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کی بلاامتیاز مخالفت کرتا ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ ایویٹ کوپر نے حملے کو دل دہلا دینے والا واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ عالمی برادری کے ان پیغامات میں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اپنانے اور انسانیت کے خلاف ایسے جرائم میں ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔