گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمدرمضان نوشاہی) تھانہ ماڈل ٹاؤن کے علاقے حبیب پورہ میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک سفاک سوتیلی ماں نے اپنی 7 سالہ بیٹی کو بے دردی سے قتل کرنے کے بعد لاش نالے میں بہا دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ بچی کے لاپتا ہونے کی اطلاع موصول ہونے پر تفتیش کا آغاز کیا گیا تو ابتدائی طور پر گھر والوں نے اغوا کا رنگ دینے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے جدید سائنسی خطوط اور جائے وقوعہ کے گردونواح کی جیو فینسنگ کے ذریعے معاملے کی کڑیاں ملانا شروع کیں۔ دورانِ تفتیش پولیس کو ایک اہم سی سی ٹی وی فوٹیج موصول ہوئی جس میں ملزمہ کو اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے دیکھا گیا، جنہوں نے چادر میں کوئی مشکوک چیز چھپا رکھی تھی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر پولیس نے جب سوتیلی ماں اور اس کے مبینہ سہولت کار کو حراست میں لے کر سخت پوچھ گچھ کی تو دونوں ملزمان نے اپنے بھیانک جرم کا اعتراف کر لیا۔ ملزمہ نے انکشاف کیا کہ اس نے گھریلو رنجش اور نفرت کی بنا پر بچی کو قتل کیا اور ثبوت مٹانے کی غرض سے لاش کو بوری میں بند کر کے قریبی نالے میں پھینک دیا تھا۔ پولیس نے ملزمہ کی نشاندہی پر نالے سے بچی کی لاش برآمد کر کے پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی ہے جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ اس لرزہ خیز واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور شہریوں نے معصوم بچی کے سفاکانہ قتل پر ملزمان کو نشانِ عبرت بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے