کوئٹہ (ویب ڈیسک) محکمہ پی ڈی ایم اے نے بلوچستان کے 29 اضلاع میں 29 دسمبر کی رات سے یکم جنوری تک موسلادھار بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اس دورانیے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، چاغی، ہرنائی، بارکھان، سبی اور لورالائی میں بارشوں کا قوی امکان ہے۔ اسی طرح موسیٰ خیل، دکی، گوادر، حب، لسبیلہ، کیچ، آواران، پنجگور، خضدار، قلات، مستونگ، کچھی، واشک، خاران، سوراب، ژوب اور شیرانی میں بھی بادل برسنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
حکام نے خراب موسم کے پیشِ نظر مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں، جبکہ ساحلی علاقوں میں مقیم افراد کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بارش اور تیز آندھی کے دوران محفوظ مقامات پر قیام کریں۔ پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔