سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف مدثر رتو سے) سیالکوٹ میں ایک منفرد اور حیران کن منظر دیکھنے میں آیا ہے جہاں آسٹریلیا سے آئے پاکستانیوں نے اپنے بھائی کی بارات پر آسٹریلین ڈالرز اور پاکستانی کرنسی کی برسات کر دی۔ اس غیر معمولی واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دولہا قمر عباس کی بارات جب مراکیوال سے گوندل روڈ پر واقع میرج ہال پہنچی تو دولہا کے بھائیوں اور عزیز و اقارب نے نوٹوں سے بھرے تھیلے کھول دیے۔ تقریباً ایک گھنٹے تک فضا میں غیر ملکی اور مقامی کرنسی اچھالی جاتی رہی جسے سمیٹنے کے لیے وہاں موجود لوگوں میں ریس لگ گئی۔
ڈالرز کی برسات کی اطلاع ملتے ہی سینکڑوں مقامی افراد میرج ہال کے باہر جمع ہو گئے، جس کی وجہ سے علاقے میں میلے کا سماں پیدا ہو گیا۔ دور دراز سے آئے افراد بھی بڑی تعداد میں کرنسی سمیٹنے میں مصروف نظر آئے۔ نوٹوں کی اس بوچھاڑ نے ٹریفک کے نظام کو بھی متاثر کیا۔
سوشل میڈیا پر ان مناظر کے وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ کچھ لوگ اسے خوشی کے اظہار کا اپنا انداز قرار دے رہے ہیں، جبکہ صارفین کی ایک بڑی تعداد نے اسے موجودہ معاشی حالات میں فضول خرچی اور دکھاوے کا نامناسب عمل قرار دیا ہے۔