سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/محمدیامین کی رپورٹ) ڈسکہ روڈ پر سدرہ بدرہ اسٹاپ کے قریب شدید دھند کے باعث مسافر بس اور ٹریکٹر ٹرالر کے درمیان ہونے والے المناک حادثے میں 2 افراد جاں بحق اور ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ صبح کے وقت پیش آیا جب حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے تیز رفتار مسافر بس آگے جانے والے ٹریکٹر ٹرالر سے جا ٹکرائی۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ بس کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور اس میں سوار دو مسافر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے بس میں سوار دیگر مسافر محفوظ رہے تاہم زخمی ہونے والے شخص کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر حادثے کا شکار گاڑیوں کو سڑک سے ہٹا کر ٹریفک کی روانی بحال کروائی اور واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔ علاقہ مکینوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ دھند کے موسم میں اہم شاہراہوں پر حفاظتی اقدامات اور ٹریفک پولیس کی گشت میں اضافہ کیا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو تحفظ مل سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے