اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر اقبال) لاہور اور ساہیوال بورڈز میں سرسید کیمپسز کا راج چل گیا، طالبات نے میدان مار لیا

تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ اور گردونواح کے نجی اسکول کیمپسز نے ایک بار پھر شاندار تعلیمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے بورڈ امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں اپنے نام کر لی ہیں۔ سرسید کیمپس پتوکی کی ہونہار طالبہ آمنہ محبوب نے 555 میں سے 553 نمبر حاصل کر کے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ سرسید کیمپس حجرہ شاہ مقیم ضلع اوکاڑہ کی طالبہ آمنہ عامر نے 555 میں سے 551 نمبر لے کر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال میں دوسری پوزیشن اپنے نام کر کے علاقے کا نام روشن کر دیا ہے۔ ان غیر معمولی نتائج کے ساتھ سرسید کیمپس پتوکی نے ملک بھر میں اپنی اسکول چین میں پہلا مقام حاصل کیا ہے جبکہ سرسید کیمپس حجرہ شاہ مقیم دوسرے نمبر پر رہا، جو ادارے کے اعلیٰ تعلیمی معیار کی علامت ہے۔

تعلیمی و سماجی حلقوں کی جانب سے دونوں کیمپسز کے طلبہ، اساتذہ اور بالخصوص ڈائریکٹرز میاں محمد نوید اور میاں محمد مظہر کو ان کی انتھک محنت اور تعلیمی خدمات پر دلی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کیمپسز نے نہ صرف معیاری تعلیم کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے بلکہ طلبہ کی بہترین ذہنی نشوونما اور رہنمائی کر کے انہیں قومی سطح پر پوزیشن حاصل کرنے کے قابل بنایا ہے۔ اس شاندار کامیابی پر اساتذہ اور والدین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور اسے علاقے میں تعلیمی برتری کی ایک نئی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔ پوزیشن ہولڈر طالبات نے اپنی کامیابی کو اساتذہ کی محنت اور والدین کی دعاؤں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے