کراچی(ویب ڈیسک) سندھ حکومت کا بائیک سواروں پر عائد بھاری ٹریفک چالان کم کرنے کا فیصلہ

سندھ حکومت نے کراچی میں موٹر سائیکل سواروں اور متوسط طبقے کو بڑی ریلیف دیتے ہوئے بھاری ٹریفک جرمانوں میں کمی کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ سندھ اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں، جس کی صدارت صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے کی، اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی کے مطالبے پر یہ اہم فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں طے پایا ہے کہ موٹر سائیکلوں کے علاوہ 1000 سی سی تک کی گاڑیوں کے جرمانوں میں بھی نمایاں کمی کی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر معاشی حدود کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وسائل کی کمی کے باعث ان معاملات کو توازن کے ساتھ چلانا ضروری ہے، تاہم عوامی مفاد میں جرمانوں پر نظر ثانی کی جائے گی۔

اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے موقف اختیار کیا کہ محض جرمانے بڑھانا ٹریفک مسائل کا مستقل حل نہیں ہے، بلکہ جرمانوں کے نفاذ سے قبل فعال ٹریفک سگنلز اور سڑکوں پر واضح لین مارکنگ کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے شہر کے انفراسٹرکچر کی ابتر صورتحال کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی بیشتر سڑکوں پر سگنلز درست کام نہیں کر رہے، ایسے میں غریب اور متوسط طبقے پر غیر متناسب جرمانے عائد کرنا ناانصافی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ای چالان کے نظام کے خلاف نہیں بلکہ اس میں شفافیت اور اصلاحات کے حامی ہیں، تاکہ قوانین کا نفاذ عوام پر بوجھ بننے کے بجائے نظم و ضبط کا باعث بنے۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اس اتفاقِ رائے کے بعد اب ای چالان کے نئے اور کم نرخوں کا نوٹیفیکیشن جلد متوقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے