اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے بھارتی سرپرستی میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ بھارت دہشت گردوں کے ذریعے پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔
گرپتونت سنگھ پنوں کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ہونے والا دہشت گرد حملہ بھارتی خفیہ ایجنسی کی سرپرستی میں کیا گیا، جس کا مقصد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا اور خطے میں بدامنی پھیلانا ہے۔
سکھ رہنما نے اس حملے کو پاکستان اور امریکا کے مفادات کے خلاف براہِ راست کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت جان بوجھ کر ایسے اقدامات کر رہا ہے تاکہ پاکستان میں بین الاقوامی، بالخصوص امریکی سرمایہ کاری کو روکا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا بھارت کی پرانی پالیسی کا حصہ ہے، تاہم عالمی برادری کو ان کارروائیوں کا نوٹس لینا چاہیے اور بھارت کے کردار کا سنجیدگی سے جائزہ لینا چاہیے۔