سیالکوٹ: عید الفطر کے حوالے سے ریسکیو1122 کا ایمرجنسی کوریج پلان جاری

سیالکوٹ: (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف مدثر رتو)سیالکوٹ میں عیدالفطر کے موقع پر ریسکیو 1122 نے جامع ایمرجنسی کوریج پلان جاری کر دیا ہے جبکہ تمام ریسکیورز کی چھٹیاں منسوخ کر کے عملے کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو میڈیا نمائندہ کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی سربراہی میں سنٹرل ریسکیو اسٹیشن کچہری روڈ پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایمرجنسی آفیسر محمد احسان، ریسکیو سیفٹی آفیسر سمبڑیال محمد عاصم، پسرور محمد عاصم، تحصیل انچارج سیالکوٹ محمد رضا، اسٹیشن انچارج محمد طارق، ٹرانسپورٹ انچارج محمد عثمان سمیت تمام اسٹیشن انچارجز نے شرکت کی۔

اجلاس میں عیدالفطر کے لیے خصوصی ایمرجنسی کوریج پلان مرتب کیا گیا۔ ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایت پر ضلع بھر کی تمام تحصیلوں میں اہم مقامات، مساجد اور عیدگاہوں پر میڈیکل کوریج فراہم کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق چاند رات کے موقع پر بھی شہر کے رش والے علاقوں میں ریسکیو پوائنٹس قائم کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔ ریسکیو اسکاؤٹس ڈسٹرکٹ وارڈن جمیل جنجوعہ کی قیادت میں ہائی الرٹ رہیں گے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے ہدایت کی کہ تمام ریسکیورز عید تعطیلات کے دوران کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ایمرجنسی گاڑیاں ہر وقت فعال رہیں، ان میں ادویات وافر مقدار میں موجود ہوں اور کسی بھی مسئلے کی صورت میں فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔

ریسکیو 1122 حکام کے مطابق اس جامع پلان کا مقصد عید کے دوران شہریوں کو بروقت اور مؤثر امدادی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے