سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ /بیورو چیف مدثر رتو سے) افواجِ پاکستان سے والہانہ محبت، آپریشن غضب للحق کی کامیابی اور ملکی سلامتی کے عزم کی تجدید کے لیے ضلع سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں میں "پاک فوج زندہ باد” ریلیوں کا شاندار انعقاد کیا گیا، جن میں ضلعی انتظامیہ، سرکاری افسران، تاجروں، طلباء اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
سیالکوٹ شہر میں مرکزی ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر رانا صفدر شبیر نے کی، جس میں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو سمیت دیگر حکام اور ممتاز تجارتی رہنما شریک ہوئے۔ شرکاء نے قومی پرچم اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے فضا گونج اٹھی، جس سے شہر کا ماحول حب الوطنی کے رنگ میں رنگ گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام ڈسکہ میں اسسٹنٹ کمشنر سعدیہ جعفر، پسرور میں اسسٹنٹ کمشنر سدرہ ستار اور سمبڑیال میں اسسٹنٹ کمشنر عدنان بشیر کی قیادت میں بڑی ریلیاں نکالی گئیں۔ ان تقریبات میں عوام کے جمِ غفیر نے شرکت کر کے مسلح افواج کی قربانیوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا اور یہ پیغام دیا کہ پوری قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک فوج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کی اصل ضامن ہے جو داخلی و خارجی محاذوں پر دشمن کے خلاف سینہ سپر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بہادر جوانوں کی لازوال قربانیوں کی بدولت ہی ملک میں امن قائم ہے اور قوم کسی بھی صورت دشمن کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
ریلیوں کے دوران آپریشن غضب للحق کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے دہشت گرد عناصر کے خلاف قومی اتحاد پر زور دیا گیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ان ریلیوں کا مقصد نئی نسل میں حب الوطنی کا جذبہ بیدار کرنا ہے۔ اختتام پر ملک کی ترقی، خوشحالی اور سرحدوں پر مامور جوانوں کی حفاظت کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔