سیالکوٹ: (کیو این این ورلڈ/مدثررتو کی رپورٹ)شہرِ اقبال میں سرکاری وسائل کے بے دریغ زیاں اور اختیارات کے ناجائز استعمال نے ضلعی انتظامیہ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے، جہاں شہر کی صفائی ستھرائی کے لیے مختص سرکاری لوڈر رکشہ مبینہ طور پر افسران اور اہلکاروں کی ذاتی آمد و رفت کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ عوامی حلقوں کی جانب سے فراہم کردہ شواہد کے مطابق، کچرا اٹھانے اور گندگی کے ڈھیر ٹھکانے لگانے کے لیے عوامی ٹیکسوں سے خریدی گئی مشینری کو فیلڈ ورک کے بجائے نجی کاموں اور سیر سپاٹے کے لیے استعمال کرنا معمول بن چکا ہے، جو کہ ناصرف کرپشن کے زمرے میں آتا ہے بلکہ حکومتی وسائل پر شب خون مارنے کے مترادف ہے۔ اس کھلی بدعنوانی اور افسران کی مبینہ ملی بھگت یا مجرمانہ نااہلی کی وجہ سے ایک طرف شہر کا صفائی کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے تو دوسری طرف سرکاری ایندھن اور مشینری کا ناجائز استعمال قومی خزانے کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
سیالکوٹ کے شہریوں نے اس صورتحال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی ناک کے نیچے سرکاری گاڑیوں کی بندر بانٹ جاری ہے لیکن متعلقہ حکام خوابِ خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ صفائی کے لیے مختص گاڑیوں کا ذاتی مقاصد کے لیے استعمال اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ ادارے میں مانیٹرنگ کا کوئی نظام موجود نہیں اور نچلے درجے کا عملہ اعلیٰ افسران کی سرپرستی یا چشم پوشی کے باعث بے لگام ہو چکا ہے۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر گوجرانوالہ اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین کرپشن اور اختیارات کے تجاوز کا فوری نوٹس لیا جائے، ملوث کالی بھیڑوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے اور سرکاری وسائل کا صرف عوامی خدمت کے لیے استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ شہر کو گندگی کے عذاب سے نجات مل سکے۔