سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مدثر رتو)فائر سیفٹی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد ہی انسانی جانوں کے تحفظ کی ضامن ہے، یہ بات ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 انجینئر نوید اقبال نے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایات پر ضلع سیالکوٹ میں بلند و بالا عمارتوں، کمرشل پلازوں، بازاروں اور مارکیٹوں کو آگ لگنے کے واقعات سے محفوظ بنانے کے لیے فائر سیفٹی آڈٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کی جانب سے یہ اقدامات ان کی زیر نگرانی کیے جا رہے ہیں، جبکہ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صباء اصغر نے اس مقصد کے لیے ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کر دی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ صنعتی یونٹس کا بھی سیفٹی آڈٹ کیا جائے گا، خصوصاً وہ فیکٹریاں جہاں بوائلر نصب ہیں، ان کا معائنہ ڈی او انڈسٹری اور ریسکیو 1122 مشترکہ طور پر کریں گے تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے قبل حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

ریسکیو 1122 نے عوام کی جان و مال کے تحفظ، ایمرجنسی کی صورت میں مؤثر رسپانس، آگ لگنے کی صورت میں محفوظ انخلاء اور مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو بہتر بنانے کے لیے فرضی مشقوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔ یہ مشقیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی احکامات کی روشنی میں کی جا رہی ہیں، جن کے تحت بڑے شاپنگ مالز، کمرشل مراکز اور مارکیٹوں کا فائر سیفٹی آڈٹ بھی جاری ہے۔

اس حوالے سے چاروں تحصیلوں کے انچارجز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ اپنی تحصیلوں میں موجود تمام کمرشل اور بلند و بالا عمارتوں میں روزانہ کی بنیاد پر فرضی مشقوں کا انعقاد یقینی بنائیں۔ اسی سلسلے میں آج سیالکوٹ کچہری روڈ پر واقع عبداللہ ٹریڈ سینٹر میں فائر سیفٹی کی فرضی مشق کی گئی۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کا کہنا تھا کہ ان فرضی مشقوں کا بنیادی مقصد آگ لگنے کی صورت میں دستیاب آلات، محکمانہ تیاری، مختلف اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور فوری ردعمل کا عملی جائزہ لینا ہے، تاکہ حالیہ دنوں کراچی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعات جیسے سانحات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے