سیالکوٹ: (مدثر رتو کی رپورٹ)سیالکوٹ پولیس نے انسانی جانوں سے کھیلنے والے پتنگ مافیا کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن تیز کرتے ہوئے بڑی کامیابی حاصل کی ہے، جس کے دوران تھانہ کوٹلی سید امیر کے ایس ایچ او سب انسپکٹر کاشف علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم عبدالرحمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کی جانب سے دی گئی تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 500 پتنگیں اور بڑی مقدار میں ممنوعہ کیمیکل ڈوریں برآمد کی گئی ہیں، جس پر ملزم کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ترجمان سیالکوٹ پولیس نے گزشتہ سال کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ سال 2025 میں ضلع بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر اب تک 431 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں، جبکہ ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 7359 پتنگیں اور 751 کیمیکل ڈوریں و چرخیاں برآمد کی گئی ہیں۔

ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے اس حوالے سے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پتنگ بازی ایک جان لیوا کھیل ہے جس کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے والدین سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے، جبکہ اساتذہ اور سول سوسائٹی پر بھی زور دیا کہ وہ اس خطرناک کاروبار اور مشغلے کی روک تھام میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔ ڈی پی او نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد پتنگ بازی یا پتنگ فروشی کی صورت میں فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے، انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ضلع کو اس خونی کھیل سے پاک کرنے تک آپریشن بلا امتیاز جاری رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے