سیالکوٹ(مدثر رتو کی رپورٹ) سانحہ آرمی پبلک سکول کی یاد میں سرکاری سکولوں میں یادگاری تقاریب
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں سانحہ آرمی پبلک سکول کی یاد میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام تمام سرکاری سکولوں میں یادگاری تقاریب منعقد کی گئیں۔ ان تقاریب کا مقصد شہدائے آرمی پبلک سکول کو خراج عقیدت پیش کرنا اور طلبہ میں وطن سے محبت اور قربانی کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔
تقاریب میں طلبہ و طالبات نے پوسٹرز، ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلوز کے ذریعے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور سانحہ کے شہداء کے لیے خراج عقیدت پیش کیا۔ ہر اسکول میں طلبہ نے سانحہ کی یاد تازہ کرتے ہوئے قربانی، حب الوطنی اور قومی یکجہتی کے جذبات کو اجاگر کیا۔
گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ڈھلم بلگن، سمبڑیال میں منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن مجاہد حسین علوی نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول کو قوم کبھی نہیں بھول سکتی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارے بچے آزاد اور پرامن تعلیمی ماحول میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، اور یہ سب کچھ شہدائے آرمی پبلک سکول کی عظیم قربانیوں کی بدولت ممکن ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد عناصر اس ملک کے بہادر اور غیور عوام کو کبھی کمزور نہیں کر سکتے اور یہی جذبہ ملک کی مضبوطی کی بنیاد ہے۔ سی ای او نے طالبات کے تیار کردہ پوسٹرز اور ٹیبلوز کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ان کے ذریعے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنا نہ صرف ایک یادگار تقریب ہے بلکہ یہ قوم کی نئی نسل میں شعور اور وطن سے محبت کو مضبوط کرتا ہے۔
یہ یادگاری تقاریب نہ صرف سانحہ کے شہداء کی قربانی کو یاد رکھنے کا ذریعہ ہیں بلکہ طلبہ میں قومی یکجہتی، قربانی اور حوصلے کے پیغام کو عام کرنے کا اہم موقع بھی فراہم کرتی ہیں۔
