اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگارحبیب خان) ڈی پی او بہاولپور رانا عبد الوہاب کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کے دوران تھانہ مسافر خانہ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے خطرناک منشیات برآمد کر لی ہیں، جبکہ منشیات فروشوں کی پشت پناہی کرنے پر محکمہ پولیس کے افسر کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے کارروائی کے دوران بدنام زمانہ منشیات فروش محمد سراج کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے دو کلو سے زائد کرسٹل آئس برآمد کی، جس پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
دورانِ تفتیش یہ انکشاف سامنے آیا کہ گرفتار منشیات فروش کے تھانہ صدر احمد پور شرقیہ کے ایس ایچ او دلبر سب انسپکٹر کے ساتھ قریبی روابط تھے۔ ڈی پی او بہاولپور رانا عبد الوہاب نے اس سنگین معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او دلبر ایس آئی کو عہدے سے معطل کر دیا اور ان کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کیے۔ پولیس حکام کے مطابق مذکورہ افسر کے خلاف محکمانہ کارروائی کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ حقائق کو مکمل طور پر سامنے لایا جا سکے۔
اس موقع پر ڈی پی او بہاولپور رانا عبد الوہاب کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس میں احتساب کا کڑا نظام موجود ہے اور کالی بھیڑوں کے لیے محکمے میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ منشیات فروشوں کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ترجمان پولیس کا مزید کہنا تھا کہ منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔