ننکانہ صاحب (نامہ نگار احسان اللہ ایاز، کیو این این ورلڈ) ریجنل یونین آف جرنلسٹس (آر یو جے) پاکستان سینٹرل پنجاب کے سال 27-2026 کے صوبائی انتخابات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق مرزا قیصر فاروق صدر اور میاں تنویر شہزاد ساحل جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے ہیں۔ صوبائی الیکشن بورڈ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق منڈی بہاؤالدین سے تعلق رکھنے والے مرزا قیصر فاروق کو صوبائی صدر، قصور سے حاجی رمضان کو سینئر نائب صدر اور ننکانہ صاحب سے معروف صحافی شیخ آصف اقبال کو نائب صدر منتخب کیا گیا ہے۔ اسی طرح گوجرانوالہ کے میاں تنویر شہزاد ساحل جنرل سیکرٹری، شیخوپورہ کے رانا خضر حیات جوائنٹ سیکرٹری اور لاہور سے آمنہ اقبال خواتین ونگ سینٹرل پنجاب کی سیکرٹری منتخب ہوئی ہیں۔
ان انتخابات کا انعقاد پانچ رکنی الیکشن بورڈ کی زیر نگرانی ہوا، جس کے چیئرمین محمد ارشد گولڈن نے باضابطہ طور پر نو منتخب عہدیداران کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ننکانہ صاحب سے شیخ آصف اقبال کی بطور نائب صدر کامیابی پر مقامی صحافتی برادری اور سماجی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ نو منتخب عہدیداران نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ریجنل یونین آف جرنلسٹس کے پلیٹ فارم سے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، ان کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے بھرپور جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے الیکشن بورڈ اور تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونین کو مزید فعال اور منظم بنایا جائے گا۔