اشک آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد میں انٹرنیشنل ایئر آف پیس اینڈ ٹرسٹ اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔ ملاقات گرمجوشی اور خیرسگالی کے ماحول میں ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے پاکستان اور ایران کے درمیان جوائنٹ اکنامک کمیشن کے 22 ویں اجلاس کی کامیاب میزبانی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو باہمی تجارت کے حجم میں اضافہ، بارڈر مارکیٹس کی فعال کاری، سرحدی سیکیورٹی کو مضبوط بنانے اور اسلام آباد-تہران-استنبول ریلوے کنکٹیویٹی کو بحال کرنے کے لیے مزید تعاون کرنا چاہیے۔
ملاقات میں خطے اور عالمی حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے افغان طالبان انتظامیہ پر زور دینے کی ضرورت پر روشنی ڈالی تاکہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے لیے درپیش سنگین سیکیورٹی خطرات، خاص طور پر دہشت گردی کے مسئلے کو مؤثر انداز میں حل کیا جا سکے۔
دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جاری امن کوششوں پر بھی بات کی، اور ایرانی صدر نے خیالات کے بروقت تبادلے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔