وزیراعظم کا ایرانی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، ایرانی عوام سے اظہار یکجہتی

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں انہوں نے ایرانی قیادت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حالیہ کشیدگی کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے گفتگو کے دوران ایرانی صدر اور برادر ایرانی عوام کو عیدالفطر اور نوروز کی مبارکباد دی۔ ایرانی صدر نے وزیراعظم کے جذبات کا پرتپاک جواب دیتے ہوئے پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں بہادر ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا اور زخمیوں و متاثرین کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔

وزیراعظم نے خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ حالات کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے فوری طور پر مذاکرات اور سفارتکاری کا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی کوششوں سے بھی ایرانی صدر کو آگاہ کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے