اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) ملک بھر میں سفرِ معراج کی یاد میں رحمتوں اور برکتوں والی رات شبِ معراج انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ اس مقدس موقع پر تمام چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد اور امام بارگاہوں میں خصوصی محافل، ذِکر و اذکار اور نعت خوانی کا اہتمام کیا گیا، جہاں بڑی تعداد میں فرزندانِ اسلام نے نوافل ادا کیے اور اللہ رب العزت کے حضور گڑگڑا کر گناہوں کی معافی طلب کی۔ علمائے کرام نے واقعہ معراج اور اس کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یہ وہ عظیم رات ہے جب اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو معراج کا شرف عطا کیا اور امتِ محمدیہ کے لیے پانچ نمازوں کا بیش بہا تحفہ عنایت فرمایا۔ محافل کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

واضح رہے کہ واقعہ معراج اسلامی تاریخ کا وہ معجزہ ہے جس کا ذکر قرآن کریم کی سورۃ الاسراء میں بھی موجود ہے۔ حضور اکرم ﷺ نے اس رات مسجد الحرام سے مسجد اقصیٰ تک کا سفر کیا، جہاں تمام انبیائے کرام نے آپ ﷺ کی اقتداء میں نماز ادا کی اور پھر آپ ﷺ آسمانوں کی سیر اور اللہ تعالیٰ سے ملاقات کے لیے تشریف لے گئے۔ اس سفر کے دوران رسول کریم ﷺ کو جنت اور دوزخ کے مشاہدات کرائے گئے اور مختلف انبیائے کرام سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔ اسی بابرکت سفر میں امت پر نماز فرض ہوئی، یہی وجہ ہے کہ مسلمان اس رات کو اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے مخصوص کرتے ہیں اور پوری رات تسبیح و مناجات میں مصروف رہتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے