ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ متاثر ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد اہم موٹرویز بند کر دی گئیں۔ موٹروے ایم ون رشکئی سے پشاور، ایم ٹو ہرن مینار سے ٹھوکر نیاز بیگ، ایم تھری فیض پور سے رجانہ، ایم فائیو ملتان سے ظاہر پیر اور روہڑی سے رحیم یار خان تک بند کر دی گئی ہیں۔ لاہور سے سیالکوٹ تک مین ٹول پلازہ پر بھی موٹروے بند رہی۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں کی فضائی آلودگی انتہا پر پہنچ چکی ہے۔ فیصل آباد 574 ایئر پارٹیکولیٹ میٹر کے ساتھ ملک کا سب سے زیادہ آلودہ شہر قرار پایا ہے۔ لاہور 310 ایئر انڈیکس کے ساتھ دنیا کے بڑے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر ہے۔ گوجرانوالہ کا اے کیو آئی 322 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ حافظ آباد میں 380 اور مظفرگڑھ میں 372 ریکارڈ کی گئی ہے، جو ماحولیاتی خطرے کی نشاندہی کرتا ہے۔