راولپنڈی/کوئٹہ (کیو این این ورلڈ) بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف گزشتہ تین روز سے جاری بھرپور آپریشنز میں فتنۃ الہندوستان کے 197 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے تعاقبی اور سینیٹائزیشن آپریشنز تاحال پوری قوت سے جاری ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 31 جنوری 2026 کو بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے صوبے کا امن تباہ کرنے کے لیے کوئٹہ، مستونگ، نوشکی، دالبندین، خاران، پنجگور، تمپ، گوادر اور پسنی سمیت مختلف علاقوں میں بزدلانہ کارروائیاں کیں۔

سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور کلیئرنس آپریشن کے دوران دو خودکش بمباروں سمیت درجنوں دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ سیکیورٹی ذرائع نے افسوسناک اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ان دہشت گردوں کی بربریت کا شکار بن کر خواتین اور بچوں سمیت 36 معصوم مقامی شہری شہید ہوئے۔ دوسری جانب مادرِ وطن کی حفاظت کی خاطر لڑتے ہوئے پاک فوج، ایف سی، پولیس اور پی ایم ایس اے کے 22 بہادر جوانوں نے بھی جامِ شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورسز نے تمام کارروائیوں کے دوران مقامی آبادی کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا۔ بلوچستان میں ہونے والے ان دہشت گردانہ حملوں کی عالمی سطح پر شدید مذمت کی گئی ہے۔ چین، امریکہ، یورپی یونین کے ممالک اور ایران سمیت دیگر عالمی برادری نے ان واقعات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ حکام کا عزم ہے کہ جب تک آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے