راولپنڈی (ویب ڈیسک): ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 40 لاکھ روپے سر کی قیمت والا دہشت گرد ساتھی سمیت ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر ایک مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ہے، جس کے نتیجے میں دو خطرناک خوارج ہلاک ہو گئے ہیں۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں مطلوب دہشت گرد دلاور اپنے ایک ساتھی سمیت انجام کو پہنچا۔ ہلاک ہونے والا خارجی دلاور دہشت گردی کی متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث ہونے کے باعث قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا اور حکومت نے اس کے سر کی قیمت 40 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، یہ عناصر سکیورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کے قتلِ عمد کی کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔ علاقے میں کسی بھی دوسرے ممکنہ بھارتی سرپرستی یافتہ خارجی دہشت گرد کی موجودگی کے خدشے کے پیشِ نظر کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔ پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ "عزمِ استحکام” کے تحت ملک بھر سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ مہم پورے عزم اور شدت کے ساتھ جاری رکھی جائے گی تاکہ مادرِ وطن کے امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے