کوئٹہ(کیو این این ورلڈ) بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کو برقرار رکھنے اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبائی حکومت نے 31 جنوری تک دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں اسلحہ کی نمائش، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، گاڑیوں پر سیاہ شیشوں کا استعمال اور بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکلوں کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ مزید برآں، سکیورٹی اقدامات کو سخت کرتے ہوئے چار سے زائد افراد کے مجمع، کسی بھی قسم کے جلوس یا ریلیوں کے انعقاد اور عوامی مقامات پر شناخت چھپانے کے لیے چہروں پر مفلر یا ماسک کے استعمال کو بھی ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ ان پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف متعلقہ قانونی دفعات کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ صوبائی حکومت نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں دفعہ 144 کے نفاذ کو ہر صورت یقینی بنائیں اور اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ رپورٹ محکمہ داخلہ کو ارسال کریں۔ ان اقدامات کا مقصد صوبے میں کسی بھی ممکنہ شرپسندی کو روکنا اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے تاکہ امن و امان کی فضا برقرار رہے۔