اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے فائیو جی سپیکٹرم آکشن کا دوسرا مرحلہ کل منعقد ہوگا جس میں ٹیلی کام کمپنیوں کے درمیان حاصل کیے گئے بینڈز کی پوزیشننگ کے لیے بولی لگائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اسائنمنٹ بیس آکشن میں 2600 اور 3500 میگا ہرٹز بینڈز کی پوزیشنز کے لیے بولی دی جائے گی، جس میں ٹاپ، مڈل اور لو فریکوئنسی پوزیشنز شامل ہوں گی۔ اگر کمپنیوں کے درمیان باہمی اتفاق نہ ہوا تو ان پوزیشنز کے تعین کے لیے باقاعدہ بولی کا عمل شروع کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بولی کی ابتدائی قیمت ایک لاکھ ڈالر رکھی گئی ہے جبکہ دوسرے راؤنڈ میں یہ قیمت ایک ملین ڈالر تک جا سکتی ہے۔ پی ٹی اے کو اس پوزیشننگ آکشن سے ایک سے دو ملین ڈالر اضافی آمدن ہونے کی توقع ہے۔
نیلامی کے بعد بچ جانے والا سپیکٹرم پی ٹی اے کے پاس ہی رہے گا۔ ذرائع کے مطابق کچھ ٹیلی کام کمپنیاں عید سے پہلے فائیو جی ٹرائل کی اجازت بھی مانگ رہی ہیں جبکہ عید کے اگلے دن فائیو جی لائسنس جاری کرنے کی تقریب متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق جاز نے 700 میگا ہرٹز سپیکٹرم حاصل کیا ہے جو دیہی علاقوں میں بہتر کوریج کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔ 2600 میگا ہرٹز بینڈ کی ڈیمانڈ زیادہ ہے کیونکہ اس پر فور جی اور فائیو جی دونوں سروسز فراہم کی جا سکتی ہیں جبکہ 3500 میگا ہرٹز بینڈ کی متعدد لاٹس یوفون نے حاصل کی ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جاز اپنے ٹاورز پر فائیو جی ٹرائل شروع کرنے اور صارفین کو مفت فائیو جی سروس فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔