سرگودھا (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک شاہنواز جالپ)سرگودھا پریس کلب کی ایگزیکٹو باڈی کا اہم اجلاس ہفتہ کے روز صدر عبدالحنان چوہدری کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں کلب کی تاریخ کی بڑی ممبر سازی سمیت متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، بعد ازاں جنرل سیکرٹری نے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔
اجلاس میں گزشتہ کارروائی کی توثیق کی گئی جبکہ خزانچی جاوید گجر نے کلب کے آمدن و اخراجات پر مشتمل تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر حال ہی میں منعقد ہونے والے سپورٹس گالا کی مالی تفصیلات بھی ایگزیکٹو باڈی کے سامنے رکھی گئیں، جنہیں تسلی بخش قرار دیا گیا۔
ایگزیکٹو باڈی نے سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے متفقہ طور پر انتخابات 2026–27 کے شیڈول، انتخابی ٹائم لائن اور طریقۂ کار کی منظوری دی، جبکہ الیکشن بورڈ کی تقرری کی بھی اصولی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ الیکشن شیڈول اور فہرستِ ووٹران 31 جنوری کو آویزاں کی جائے گی۔
اجلاس کے دوران کلب کی رکنیت میں توسیع کا تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے 40 مستقل ممبران، 40 ایسوسی ایٹ ممبران اور 10 اعزازی ممبران بنانے کی منظوری دی گئی۔ مزید فیصلہ کیا گیا کہ انتخابات ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور سینئر صحافیوں کی نگرانی میں کرائے جائیں گے۔
صدر سرگودھا پریس کلب عبدالحنان چوہدری نے اختتامی کلمات میں کہا کہ انتخابات مکمل شفافیت کے ساتھ منعقد کیے جائیں گے، جن کی نگرانی کے لیے تاجر، وکلاء، ڈاکٹرز اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو بطور مبصر مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کے لیے ضابطۂ اخلاق بھی مرتب کیا جائے گا، جس پر تمام امیدواران اور ووٹروں کو عملدرآمد کرنا ہوگا۔
اجلاس میں دیگر تنظیمی امور بھی زیر بحث آئے۔ اختتام پر دعائے خیر کی گئی اور شرکاء کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔