سرگودھا (کیو این این ورلڈ)لاہور روڈ پر ایک خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں دو نوجوان زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار کار کا ٹائر اچانک پھٹ گیا، جس کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور کار سڑک کنارے نصب بجلی کے پول سے جا ٹکرائی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں سوار افراد ملبے تلے دب گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور گاڑی میں پھنسے ہوئے افراد کو نکال کر فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق دو نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ باقی دو زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس اور انتظامیہ نے جائے وقوعہ کا جائزہ لے کر مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ کار میں سوار تمام افراد پنڈی بھٹیاں میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس سرگودھا جا رہے تھے کہ منزل کے قریب پہنچنے سے پہلے ہی قضا کا شکار ہو گئے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تیز رفتاری اور ٹائر پھٹنا حادثے کی بنیادی وجہ بنی، جس نے خوشیوں بھرے گھر میں صفِ ماتم بچھا دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے