سرگودھا (کیو این این ورلڈ/ ملک شاہنواز جالپ) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سرگودھا پہنچے اور مختلف تعزیتی ملاقاتیں کیں، ساتھ ہی اہم بیانات بھی دیے۔
وفاقی وزیر نے سب سے پہلے سینئر صحافی سید عون شیرازی کی اہلیہ کے انتقال پر ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی میاں مناظر علی رانجھا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وفاقی وزیر نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور کہا کہ یہ نقصان خاندان کے لیے ناقابلِ تلافی ہے، ہم سوگواران کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔ اس موقع پر صحافی برادری، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
بعد ازاں وفاقی وزیر نے پاکستان ٹی وی کے اسپورٹس پروڈیوسر ارسلان شیرازی کی نومولود بیٹی کے انتقال پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کی۔
وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے بعد ازاں تحصیل ساہی وال کا دورہ کیا، جہاں ان کی آمد پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے اور ایم پی اے تیمور خان بلوچ اور مسلم لیگ (ن) کے مقامی عہدیداروں نے پرتپاک استقبال کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی درست سمت میں گامزن ہے اور عالمی برادری میں پاکستان کا وقار مسلسل بلند ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے تحصیل ساہی وال کے نواحی علاقے جہانیاں شاہ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے اپنے ایک اسٹاف ممبر کے والد کے انتقال پر تعزیت کی اور مرحوم کے لیے فاتحہ خوانی کی۔