ننکانہ صاحب(کیو این این ورلڈ/نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے پرائس کنٹرول سلمیٰ بٹ نے ننکانہ صاحب کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہیں ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور رمضان المبارک کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ضلع بھر میں دو نگہبان رمضان بازار اور 7 نگہبان رمضان دسترخوان قائم کیے گئے ہیں، جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر 25 ہزار سے زائد مستحقین میں نگہبان کارڈز تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں ماہ 25 ہزار مقامات کی چیکنگ کی گئی، جس کے دوران 450 خلاف ورزیوں پر 8 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور بار بار قانون توڑنے والے دو دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے۔

سلمیٰ بٹ نے نگہبان رمضان بازار اور ماڈل ریڑھی بازار کا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے اشیاء کی کوالٹی چیک کی اور اپنی موجودگی میں وزن کروایا۔ انہوں نے فاطمہ جناح پارک اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں قائم ’مریم کے مہمان‘ دسترخوانوں کا بھی دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کے ہمراہ روزہ داروں میں افطاری کا سامان تقسیم کیا۔ مشیر وزیر اعلیٰ نے فاطمہ جناح پارک میں روزہ داروں کے ساتھ بیٹھ کر افطار بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار حکومت اور مخیر حضرات کے تعاون سے لاکھوں افراد کے لیے افطاری کا اہتمام کیا گیا ہے اور 40 لاکھ گھرانوں کو 10 ہزار روپے فی گھرانہ کے نگہبان کارڈز دیے جا رہے ہیں۔

اپنے دورے کے دوران سلمیٰ بٹ نے واضح کیا کہ مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی گئی ہے اور گرانفروشی کرنے والے اسٹورز کو فوری سیل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے تمام دکانداروں کو ڈی سی ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کی ہدایت کی اور سبزی و پھل منڈیوں میں نیلامی کے عمل کو شفاف بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے شہر کی خوبصورتی اور بہترین انتظامات پر ضلعی انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت امسال ننکانہ زیادہ خوبصورت دکھائی دے رہا ہے۔ دورے کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے