سجاول (کیو این این ورلڈ) سجاول کے قریب دریائے سندھ میں تیز ہواؤں کے باعث ایک کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شخص کی تلاش تاحال جاری ہے۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گاؤں یعقوب منارو کے قریب پیش آیا جہاں مزدوروں سے بھری کشتی تیز ہواؤں کی زد میں آ کر بے قابو ہو گئی اور الٹ گئی۔ کشتی میں سوار افراد دن بھر محنت مزدوری کے بعد اپنے گاؤں واپس جا رہے تھے کہ راستے میں حادثے کا شکار ہو گئے۔
حکام کے مطابق کشتی میں مجموعی طور پر 16 افراد سوار تھے جن میں سے 12 افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت دریا سے نکل کر جان بچائی جبکہ 2 خواتین سمیت 4 افراد پانی میں بہہ گئے۔
ریسکیو ٹیموں اور مقامی افراد نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور طویل تلاش کے بعد 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔ جاں بحق افراد میں خواتین بھی شامل ہیں جس کے باعث علاقے میں کہرام مچ گیا۔
پولیس کے مطابق ایک باقی ماندہ شخص کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے اور غوطہ خور دریا میں مسلسل سرچ کر رہے ہیں۔