رحیم یارخان (کیو این این ورلڈ) ضلع رحیم یارخان میں پولیس کے سامنے بدنام زمانہ ڈاکو چھوٹو کوش نے اپنے 21 ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال دیے۔ پولیس حکام کے مطابق یہ پیش رفت علاقے میں امن و امان کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔

ڈی پی او رحیم یارخان عرفان علی سموں کے مطابق چھوٹو کوش پولیس کو طویل عرصے سے مطلوب تھا اور اس کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ہتھیار ڈالنے والے ڈاکوؤں میں ایسے ملزمان بھی شامل ہیں جن کے سروں کی قیمت 25 لاکھ روپے سے لے کر ایک کروڑ روپے تک مقرر تھی اور وہ مختلف سنگین جرائم میں ملوث رہے ہیں۔

ڈی پی او کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 106 ڈاکو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سامنے ہتھیار ڈال چکے ہیں، جو پولیس کی مؤثر حکمت عملی، مسلسل دباؤ اور کارروائیوں کا نتیجہ ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہتھیار ڈالنے والے تمام افراد کو قانون کے دائرے میں لا کر قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

پولیس نے واضح کیا ہے کہ ضلع میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے