امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے سے متعلق معاہدہ طے پانے کے قریب ہے۔ وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ روس یوکرین جنگ بندی پر یوکرینی اور یورپی قیادت سے بات چیت ہو چکی ہے، جبکہ امریکی امن منصوبے کو یورپی رہنماؤں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ برلن میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کے بعد نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے اور جنگ بندی کے معاملے پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بھی بات چیت کی گئی ہے۔
دوسری جانب یورپی رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ مغربی ممالک کی جانب سے یوکرین کو دی جانے والی کسی بھی سکیورٹی ضمانت میں یورپ کو شامل کیا جانا چاہیے۔ تاہم رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دوران علاقے کے کنٹرول کا معاملہ اب بھی ایک بڑی رکاوٹ بنا ہوا ہے۔