نیویارک (کیو این این ورلڈ)روس اور چین نے وینزویلا پر امریکی فوجی چڑھائی اور صدر نکولس مادورو کے اغوا پر شدید ردعمل دیتے ہوئے ان کی اور ان کی اہلیہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں روسی مندوب نے سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ کراکس میں امریکی جرائم کا کوئی جواز نہیں ہے اور عالمی برادری کو یہ ہرگز اجازت نہیں دینی چاہیے کہ امریکہ خود کو کوئی اعلیٰ ترین منصف قرار دے کر کسی بھی خود مختار ملک پر حملہ کرے۔ روسی مندوب کا مزید کہنا تھا کہ یہ واقعہ عالمی سطح پر لاقانونیت کے دور کی واپسی اور طاقت کے زور پر امریکی بالادستی قائم کرنے کی کوششوں کا پیش خیمہ ہے۔

چینی مندوب نے بھی سلامتی کونسل میں امریکہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی ملک نہ تو "عالمی پولیس مین” بن سکتا ہے اور نہ ہی اسے خود کو عالمی منصف سمجھنے کا کوئی حق حاصل ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ طاقت کے اندھا دھند استعمال سے صرف مزید بڑے بحران جنم لیں گے، لہٰذا امریکہ دھونس اور جبر پر مبنی اپنی پالیسیوں کو فوری طور پر ترک کر دے۔ واضح رہے کہ امریکہ نے ہفتے کے روز وینزویلا پر حملہ کیا اور امریکی ڈیلٹا فورس صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو صدارتی محل سے اٹھا کر لے گئی۔ امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ مادورو اور ان کی اہلیہ کو نیویارک لایا گیا ہے جہاں ان کے خلاف منشیات اور دہشت گردی کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے