وزیرآباد: (کیو این این ورلڈ)پنجاب کے شہر وزیرآباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ٹریفک وارڈن کی جانب سے بھاری چالان کیے جانے پر ایک غریب رکشہ ڈرائیور نے دلبرداشتہ ہو کر اپنے رکشہ کو آگ لگا دی۔ یہ واقعہ شہر کے معروف اللہ والے چوک میں پیش آیا، جہاں عینی شاہدین کے مطابق ٹریفک وارڈن نے رکشہ ڈرائیور کو روک کر اس کا بھاری جمانہ عائد کیا۔ ڈرائیور نے موقع پر دہائی دی کہ وہ اتنی خطیر رقم ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتا، تاہم شنوائی نہ ہونے پر اس نے اشتعال اور مایوسی کے عالم میں اپنے رکشہ کو نذرِ آتش کر دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا، لیکن تب تک رکشہ بری طرح جل چکا تھا۔ متاثرہ ڈرائیور اظہر اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے روتے ہوئے کہا کہ آئے روز کے چالان اور پولیس کے رویے نے اسے جیتے جی مار دیا ہے، اس لیے اس نے تنگ آکر اپنے روزگار کو خود ہی ختم کر دیا۔ دوسری جانب ٹریفک پولیس کا موقف ہے کہ رکشہ بغیر نمبر پلیٹ کے چلایا جا رہا تھا اور قانون کی خلاف ورزی پر ضابطے کے مطابق کارروائی کی گئی، پولیس نے رکشہ ڈرائیور کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

ڈرائیور اظہر اقبال کے والد نے اس موقع پر انتہائی غمزدہ لہجے میں بتایا کہ ان کا بیٹا گھر کا واحد کفیل ہے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے دور میں رکشہ چلا کر بمشکل دال روٹی پوری کر رہا تھا، مسلسل جرمانوں نے اسے ذہنی طور پر مفلوج کر دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد مقامی شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی جنہوں نے حکومت اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ غریب طبقے پر عائد بھاری جرمانوں پر نظرثانی کی جائے تاکہ محنت کش طبقہ خودکشیوں اور اس طرح کے انتہائی اقدامات پر مجبور نہ ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے