رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار لیاقت علی) رینالہ خورد کے دو مختلف مقامات سے ایک نامعلوم مرد اور خاتون کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ پولیس نے دونوں نعشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق پہلی لاش تھانہ چوچک کی حدود میں دریائے راوی ٹھٹھہ چاکر کے مقام سے ملی، جو کہ ایک تقریباً 32 سالہ نامعلوم خاتون کی ہے۔ دوسری جانب تھانہ سٹی رینالہ خورد کی حدود میں نہر لوئر باری دوآب سے ایک 40 سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال دونوں افراد کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

ابتدائی معائنے کے دوران مرد کی لاش پر تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں؛ مقتول کی آنکھ کے قریب گہرا زخم ہے اور خون بہنے کے تازہ نشانات بھی موجود ہیں۔ ان شواہد کی بنا پر پولیس واقعے کو مشکوک قرار دے رہی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ شخص کو قتل کر کے لاش نہر میں پھینکی گئی ہے۔

پولیس حکام نے مختلف زاویوں سے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ موت کی اصل وجوہات اور یہ کہ آیا یہ قتل کا واقعہ ہے یا کچھ اور، اس کا حتمی تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شناخت میں مدد کے لیے قریبی تھانے سے رابطہ کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے