رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے رات گئے تھانہ چوچک اور تھانہ ستگھرہ کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے ریکارڈ، سیکیورٹی انتظامات اور پولیس کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او نے پولیس سرکل رینالہ خورد کی حدود میں آنے والے تھانہ ستگھرہ اور تھانہ چوچک کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کیومیٹک مشین، فرنٹ ڈیسک، تھانہ ریکارڈ اور حوالات کو چیک کیا جبکہ تھانوں کی عمارت اور سیکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور شائستگی سے پیش آئیں اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی خدمت عبادت کے مترادف ہے، بالخصوص رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کی مدد اور ان کے مسائل کا حل اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
ڈی پی او نے واضح کیا کہ پولیس کا بنیادی فرض عوام کو تحفظ فراہم کرنا اور ان کے مسائل کا بروقت حل یقینی بنانا ہے، اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔