رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر) شہر اور گردونواح میں اسٹریٹ کرائم کی لہر تھم نہ سکی، جہاں دو مختلف وارداتوں کے دوران مسلح ڈاکوؤں نے شہریوں کو موٹر سائیکل، ہزاروں روپے نقدی اور قیمتی موبائل فونز سے محروم کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پہلی واردات میں محمد شہزاد نامی شہری رینالہ خورد سے اپنے گاؤں 19 جی ڈی جا رہا تھا کہ راستے میں گھات لگائے بیٹھے دو مسلح ڈاکوؤں نے اسے اسلحے کے زور پر روک لیا۔ ملزمان شہری سے موٹر سائیکل، 5 ہزار 440 روپے نقدی اور موبائل فون چھین کر باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ڈکیتی کی دوسری واردات 13 ون آر کے قریب پیش آئی جہاں مشتاق احمد نامی شہری شہر سے اپنے گاؤں واپس جا رہا تھا کہ دو مسلح ڈاکوؤں نے اسے زبردستی روک کر یرغمال بنا لیا۔ ملزمان نے اسلحے کے زور پر شہری سے 25 ہزار روپے نقدی اور قیمتی موبائل فون چھین لیا اور فرار ہو گئے۔ شہریوں نے پولیس کو وقوعہ کی اطلاع دی جس پر پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دونوں واقعات کے حوالے سے الگ الگ مقدمات درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ متاثرہ شہریوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں گشت کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے اور وارداتوں میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے چھینا گیا سامان برآمد کروایا جائے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بہت جلد ملزمان کو ٹریس کر کے قانون کی گرفت میں لایا جائے گا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔