رینالہ:پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) رینالہ خورد میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس ترجمان نے بتایا کہ تین مسلح ڈاکوؤں نے ایک شہری سے اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکل اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ سٹی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کا تعاقب شروع کر دیا۔

پولیس اور ڈاکوؤں کا آمنا سامنا چک نمبر 2 ون آر اے پلی کے قریب ہوا، جہاں ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے بھی حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جسے پولیس نے گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور مختلف مقامات پر ناکہ بندی بھی کی گئی ہے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے