رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) معمولی تلخ کلامی کے تنازع پر آہنی راڈ سے وار کر کے اپنی بھابی سمیرا کوثر کو قتل کرنے والے محمد بلال کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنادی ہے۔ علاوہ ازیں ملزم پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے، جس کی عدم ادائیگی کی صورت میں اسے مزید چھ ماہ قید کاٹنی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ شیر گڑھ کی حدود میں واقع فاروق نگر کے رہائشی محمد بلال نے معمولی تلخ کلامی کے بعد گھر میں گھس کر آہنی راڈ سے وار کیا، جس کے نتیجے میں سمیرا کوثر جان کی بازی ہار گئیں۔ تھانہ شیر گڑھ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ نمبر 440/25 درج کیا اور تفتیش کے بعد چالان عدالت میں پیش کیا۔
ایڈیشنل سیشن جج رینالہ خورد شبریز اختر راجہ نے جرم ثابت ہونے پر ملزم کو عمر قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی، اور جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں چھ ماہ اضافی قید کی سزا بھی مقرر کی گئی۔
