رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار) رینالہ خورد کے نواحی علاقے بی بی پور چوک اور جبوکہ روڈ پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایک نوجوان جاں بحق جبکہ اس کے دو ساتھی شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں 19 سالہ نوجوان محمد صادق موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ موٹر سائیکل پر سوار اس کے دیگر دو ساتھی، 18 سالہ محمد بلال اور 15 سالہ چراغ علی، شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور جاں بحق ہونے والے نوجوان کی نعش اور دونوں زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والے تینوں نوجوانوں کا تعلق چک 19 جی ڈی سے بتایا جاتا ہے، جو ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر جا رہے تھے کہ تیز رفتار کار کی زد میں آ گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق کار کی رفتار بہت زیادہ تھی جس کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور موٹر سائیکل کو زوردار ٹکر مار دی۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان محمد صادق کی خبر گھر پہنچتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہو گئی۔ پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کر کے کار سوار کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں بچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔