رینالہ خورد: شہر کی خوبصورتی کے منصوبے تیز، تاجروں کو انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ہدایت

رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) رینالہ خورد میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بیوٹیفکیشن پلان کے تحت شہر کی خوبصورتی اور ترقیاتی کاموں کو تیز کر دیا گیا، جبکہ تحصیل انتظامیہ نے تاجروں سے مکمل تعاون کی اپیل کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد صائمہ نذیر نے تاجران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیوٹیفکیشن پلان پر مؤثر اور برق رفتاری سے عملدرآمد کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی بہتری، صفائی اور ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی کے لیے تاجر برادری کا تعاون نہایت اہم ہے۔

صائمہ نذیر کا کہنا تھا کہ انجمن تاجران کو چاہیے کہ وہ تحصیل انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطہ رکھیں اور بازاروں میں درپیش مسائل کی نشاندہی کریں تاکہ فوری اور مؤثر حل ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ باہمی رابطے اور تعاون کی فضا کو فروغ دیتے ہوئے اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھیں۔

اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ تجاوزات کے خاتمے، بازاروں میں نظم و ضبط کی بحالی، ٹریفک کی روانی میں بہتری اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی تحصیل انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔

اجلاس میں انجمن تاجران کے عہدیداران اور نمائندوں نے بھی شرکت کی اور بازاروں میں درپیش مسائل، تجاوزات، صفائی ستھرائی، ٹریفک کی صورتحال اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ تاجروں کے وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ شہر میں نظم و ضبط اور بہتری کے لیے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صائمہ نذیر نے تاجروں کو درپیش مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی، عوامی سہولت اور کاروباری استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے