رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/لیاقت علی چوہدری کی رپورٹ) شاہراہِ عام مچلز روڈ پر ریلوے اور میونسپل کمیٹی کے درمیان حدود کے تنازعے کے حل کے لیے سرکاری خزانے سے تعمیر کی گئی دیوار کو بااثر دکانداروں نے رات کی تاریکی میں مسمار کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند روز سے پاکستان ریلوے اور میونسپل کمیٹی کے حکام کے درمیان زمین کی ملکیت اور حدود کے حوالے سے شدید تنازعہ چل رہا تھا۔ اس مسئلے کے حل کے لیے میونسپل کمیٹی کے اہلکاروں نے باقاعدہ پیمائش کی اور قانونی حدود کا تعین کرنے کے بعد نشانات لگائے، جس کے بعد ریلوے پھاٹک نمبر ایک اور دو کے درمیان سڑک کے کنارے سرکاری خرچ پر ایک حفاظتی دیوار تعمیر کی گئی۔

حیرت انگیز طور پر دیوار کی تعمیر مکمل ہونے کے محض دو روز بعد ایک مقامی دکاندار نے قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے رات کے اندھیرے میں اپنی دکان کے سامنے سے دیوار کا بڑا حصہ مسمار کر دیا۔ جب موقع پر موجود شہریوں اور راہگیروں نے اس توڑ پھوڑ کی وجہ دریافت کی تو دکاندار نے مبینہ طور پر یہ دعویٰ کیا کہ اس نے بھاری رقم دے کر یہ دیوار گرائی ہے۔ سرکاری املاک کو اس طرح سرِ عام نقصان پہنچانے اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کے اس واقعے نے علاقے میں سنسنی پھیلا دی ہے، جبکہ دکاندار کے اس دعوے نے متعلقہ محکموں کی ملی بھگت کی طرف بھی اشارہ کیا ہے۔

انتہائی افسوسناک امر یہ ہے کہ سرکاری خزانے کو ہزاروں روپے کا نقصان پہنچانے اور سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ کرنے کے باوجود مقامی انتظامیہ نے تاحال خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ واقعے کو کئی روز گزر جانے کے بعد بھی ذمہ دار دکاندار کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج ہوئی ہے اور نہ ہی نقصان کے ازالے کے لیے کوئی قدم اٹھایا گیا ہے۔ رینالہ خورد کے شہریوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ اور اعلیٰ ریلوے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں، سرکاری دیوار مسمار کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور دیوار کو فی الفور دوبارہ تعمیر کرایا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے