رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار) رینالہ خورد کے نواحی علاقے میں ٹریکٹر ٹرالی اور موٹر سائیکل کے درمیان حادثے کے نتیجے میں تین سالہ کمسن بچی جاں بحق جبکہ خواتین سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ چک نمبر 21 ون آر بی کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار تین سالہ بچی عربش موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔
حادثے میں 37 سالہ طاہر، 32 سالہ کرن اور 32 سالہ سمیرا سکنہ چک نمبر 20 ٹو ایل زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال رینالہ خورد منتقل کر دیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق ضروری کارروائی کے بعد جاں بحق ہونے والی بچی عربش کی میت ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے۔ ادھر مقامی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور حادثے کے حوالے سے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔