رینالہ خورد: سابق چیئرمین یونین کونسل کی مبینہ خودکشی، وصیت نامہ بھی سامنے آگیا

رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) تھانہ صدر رینالہ خورد کی حدود میں سابق چیئرمین یونین کونسل نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا، واقعے کے بعد علاقے میں افسوس کی فضا چھا گئی۔

تفصیلات کے مطابق چک نمبر 14 ون اے ایل کے رہائشی بابر علی جٹ، جو ماضی میں یونین کونسل 66 کے چیئرمین منتخب ہو چکے تھے، نے گزشتہ روز مبینہ طور پر پسٹل سے خود کو گولی مار لی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی پولیس سرکل اور تھانہ صدر رینالہ خورد کی پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے نعش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی معلومات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مرحوم گزشتہ چند سالوں سے ڈپریشن کا شکار تھے۔ تاہم واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔

دریں اثنا مبینہ طور پر متوفی کا ایک وصیت نامہ بھی سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے اپنے رشتہ داروں اور عزیز و اقارب کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان کے بیوی بچوں اور ملازمین کا خاص خیال رکھیں۔

یاد رہے کہ مرحوم بابر علی جٹ کے دو بیٹے ہیں، جن میں سے ایک بیٹا بیرون ملک زیر تعلیم ہے۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ اہل خانہ اور علاقہ مکینوں میں گہرے دکھ اور صدمے کی کیفیت پائی جاتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے