رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار): 23 مارچ یومِ پاکستان کے موقع پر ڈی پی ایس اسکول اینڈ کالج رینالہ خورد میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سول سوسائٹی، صحافیوں، تاجران، ستھرا پنجاب ٹیم اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد صائمہ نذیر اور ڈی ایس پی سرکل محمد آصف نے مشترکہ طور پر قومی پرچم لہرایا۔
اس موقع پر ڈی ایس پی محمد آصف نے کہا کہ پاکستان بے شمار قربانیوں اور جدوجہد کے بعد حاصل ہوا، ہمیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک کی بقا اور ترقی کے لیے سوچنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر کے پروپیگنڈے سے ہوشیار رہتے ہوئے متحد ہو کر دشمنانِ پاکستان کا مقابلہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر صائمہ نذیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے بزرگوں نے طویل جدوجہد کے بعد پاکستان حاصل کیا، آج ہم سب پر لازم ہے کہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور “سب سے پہلے پاکستان” کے جذبے کو فروغ دیں۔ انہوں نے اتحاد، یکجہتی اور قومی سوچ اپنانے پر زور دیا تاکہ وطن عزیز کی سلامتی اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
