رینالہ خورد( کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) رینالہ خورد کے علاقے میں اندھے قتل کا معمہ حل ہو گیا، جہاں حقیقی باپ ہی اپنی بیٹی کا قاتل نکلا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ کے والد سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے اقبالِ جرم کروا لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایک ماہ قبل تھانہ چوچک کے علاقے ٹبی صلابت کے قریب دریائے راوی سے ایک نامعلوم خاتون کی نعش برآمد ہوئی تھی۔ مقتولہ کی شناخت سنبل شہزادی کے نام سے ہوئی، جسے نامعلوم افراد نے قتل کر کے نعش دریا میں پھینک دی تھی۔ پولیس نے جدید تفتیشی تقاضوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اصل قاتلوں کا سراغ لگا لیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ مقتولہ کا باپ محمد حسین ہی اس کے قتل میں ملوث تھا۔ پولیس نے ملزم محمد حسین اور اس کے ساتھی شیر علی کو حراست میں لے لیا ہے۔ ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں اعترافِ جرم کرتے ہوئے بتایا کہ پسند کی شادی کے تنازع پر بیٹی کو قتل کیا۔

ڈی پی او اوکاڑہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں اور قاتل چاہے کوئی بھی ہو، وہ سزا سے نہیں بچ سکتا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے