رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار لیاقت علی) ایڈیشنل سیشن جج رینالہ خورد کی عدالت نے چرس برآمدگی کے مقدمے میں ملوث منشیات فروش کو جرم ثابت ہونے پر 9 سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ عدالت نے مقدمے کے تمام شواہد اور گواہان کے بیانات کی روشنی میں یہ فیصلہ صادر کیا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی رینالہ خورد پولیس نے کچھ عرصہ قبل ایک کامیاب کارروائی کے دوران منشیات فروش واجد کو گرفتار کیا تھا، جس کے قبضے سے بھاری مقدار میں چرس برآمد ہوئی تھی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کر کے اسے جیل منتقل کر دیا تھا اور مکمل تفتیش کے بعد چالان عدالت میں جمع کروایا تھا۔

مقدمے کی باقاعدہ سماعت ایڈیشنل سیشن جج رینالہ خورد شبیریز اختر راجہ کی عدالت میں ہوئی۔ پراسیکیوشن کی جانب سے ٹھوس شواہد پیش کیے گئے جن کی بنیاد پر ملزم پر منشیات فروشی کا جرم ثابت ہو گیا۔ فاضل جج نے مجرم واجد علی کو 9 سال قید بامشقت اور دو لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

عدالتی فیصلے میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں مجرم کو مزید 6 ماہ قید کی سزا بھگتنا ہو گی۔ فیصلے کے بعد پولیس نے مجرم کو حراست میں لے کر جیل منتقل کر دیا ہے۔ مقامی حلقوں نے عدالتی فیصلے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ایسے اقدامات سے علاقے میں منشیات فروشی کے رجحان میں کمی آئے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے