اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے اپنے تنظیمی دورے کے سلسلے میں رینالہ خورد ضلع اوکاڑہ کا دورہ کیا، جہاں کارکنوں اور ضلعی عہدیداروں کی بڑی تعداد نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔ اس موقع پر ضلع اوکاڑہ کے امیر ڈاکٹر محمد اسلم صدیقی، ناظم ضلع مولانا ابوبکر صدیق، اہلحدیث یوتھ فورس ضلع اوکاڑہ کے صدر مظہر اقبال عابد، جنرل سیکرٹری عابد محمود اوکاڑوی اور کاشف صدیق سمیت دیگر رہنماؤں نے قائدین کا والہانہ استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ سینیٹر حافظ عبدالکریم کی آمد کے موقع پر پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے انتہائی سخت اور خصوصی انتظامات کیے گئے تھے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

تنظیمی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث ایک پرامن جماعت ہے جو ملک میں قرآن و سنت کی سربلندی اور ناموسِ صحابہ کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد ہمیشہ جاری رکھے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ جماعت کا مقصد معاشرے کی اصلاح اور اسلامی اقدار کا فروغ ہے۔ انہوں نے ملکی سلامتی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم وطن عزیز کے دفاع اور استحکام کے لیے پاک فوج کی عظیم قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، کیونکہ ان کی بدولت ہی ملک کی سرحدیں محفوظ ہیں۔

ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کامیاب اجتماع کے انعقاد پر ضلعی امیر ڈاکٹر اسلم صدیقی اور ناظم مولانا ابوبکر کی خدمات کو سراہا اور نوجوانوں کے جذبے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اہلحدیث یوتھ فورس کے نوجوانوں نے جس نظم و ضبط اور محنت کا ثبوت دیا ہے وہ قابلِ ستائش ہے۔ اجتماع کے اختتام پر ملکی سلامتی، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا بھی مانگی گئی۔ اس موقع پر کارکنوں کا جوش و خروش دیدنی تھا اور انہوں نے اپنے قائد کے حق میں بھرپور نعرے بازی بھی کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے