رینالہ خورد میں کرایوں کی من مانی، ٹرانسپورٹرز کے خلاف عوام کا احتجاج

رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) رینالہ خورد اور گردونواح میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے من مانے کرایے وصول کر کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیا ہے جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کرایوں کا تعین اور مختلف روٹس پر ان کی چیکنگ سیکرٹری ٹرانسپورٹ کی بنیادی ذمہ داری ہے، تاہم گزشتہ پندرہ روز کے دوران پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دو مرتبہ اضافے کے باوجود کسی بھی سرکاری سطح پر کرایہ نامہ جاری نہیں کیا گیا، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹرانسپورٹرز نے از خود کرایوں میں اضافہ کر لیا ہے۔

گزشتہ بیس روز سے رینالہ خورد سے اوکاڑہ، حبیب آباد اور پتوکی جانے والے مسافروں سے بسوں، ویگنوں اور رکشوں کے مالکان و کنڈیکٹرز من مانے کرایے وصول کر رہے ہیں، جس کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی اشیائے ضروریہ پہلے ہی مہنگی ہو چکی ہیں اور اب ٹرانسپورٹ کرایوں میں بے جا اضافے نے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جبکہ کرایوں کی نگرانی کرنے والے ضلعی سیکرٹری آر ٹی مبینہ طور پر صورتحال سے بے خبر ہیں۔

متاثرہ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ، کمشنر ساہیوال اور ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ سے فوری نوٹس لینے اور مقررہ کرایہ نامہ نافذ کر کے عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے