کراچی: (کیو این این ورلڈ)پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے عالمی سطح پر اپنی کارکردگی اور منافع بخش مارکیٹ ہونے کا لوہا منوا لیا ہے، جہاں حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستانی حصص بازار نے بھارت، چین، یو اے ای اور سری لنکا سمیت 15 بڑے ممالک کی اسٹاک مارکیٹس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ پی ایس ایکس کی خصوصی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد 50 فیصد سے زائد منافع کما رہے ہیں، جو کہ خطے کی دیگر مارکیٹس کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔ اس غیر معمولی رفتار نے مارگن اسٹینلے کیپیٹل انٹرنیشنل (MSCI) کے انڈیکس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، جبکہ ہانگ کانگ، جاپان، سنگاپور اور ترکیہ جیسے ممالک کے حصص بازار بھی کارکردگی کے لحاظ سے پاکستان کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ اس وقت پاکستان اسٹاک ایکسچینج عالمی سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے والے 15 ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر براجمان ہو گئی ہے، جو ملکی معیشت پر سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
مارکیٹ میں تیزی کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کی تعداد میں بھی ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں پہلی بار نئے انویسٹرز کی شرح میں 30 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، اسٹاک مارکیٹ میں نئے سرمایہ کاروں کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار کی حد عبور کر چکی ہے، جس کے بعد پی ایس ایکس میں انویسٹرز کی مجموعی تعداد تاریخ میں پہلی بار 4 لاکھ 64 ہزار کے ہندسے سے تجاوز کر گئی ہے۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج کی یہ ریکارڈ ساز کارکردگی نہ صرف مقامی بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے بھی کشش کا باعث بن رہی ہے، جس سے آنے والے دنوں میں مارکیٹ میں مزید استحکام اور وسعت کی توقع ہے۔ سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور منافع کی بلند شرح اس بات کی عکاس ہے کہ پاکستان کا مالیاتی شعبہ ایک مثبت اور مستحکم سمت کی جانب گامزن ہے۔